لاہور (نامہ نگارخصوصی،نیوز رپورٹر ) سپریم کورٹ نے لاہور میں واقع رائل پام گالف کنٹری کلب پاکستان ریلوے کے حوالے کرنیکا حکم دیتے ہوئے رائل پام انتظامیہ کا ریلوے کے ساتھ معاہدہ کالعدم قرار دیدیا۔ جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجازالاحسن نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری سے رائل پام گالف کنٹری کلب اراضی کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کیا ۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ رائل پام کنٹری کلب کے تمام معاملات ریلوے انتظامیہ دیکھے گی، پاکستان ریلوے رائل پام کے تمام انتظامات بہترین طریقے سے سر انجام دے ۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ 3 ماہ میں رائل پام کے بہترین انتظامات کیے جائیں اور اسی عرصے میں نئی انتظامیہ سے متعلق بھی قواعد و ضوابط طے کیے جائیں ۔ ادھر وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ کوسیلوٹ پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے انصاف پر مبنی فیصلہ دیا، قبضہ مافیا کھربوں کی زمین پر قبضہ کرکے بیٹھا تھا جبکہ ریلوے کے خسارے کے مشکل ترین وقت میں یہ فیصلہ آگیا، قوم سے وعدہ ہے کہ 5 سال میں ریلوے کو خسارے سے نکالوں گا۔ دوسری طرف وفاقی وزیر عدالتی فیصلہ آنے کے بعد وزیر اعظم اور کابینہ ارکان کو مٹھائی کھلانے پہنچ گئے ۔شیخ رشید نے عمران خان کو فیصلے کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم نے وزیرریلوے سے استفسار کیا کہ اب رائل پام کنٹری کلب کو کون چلائے گا جس پر شیخ رشید نے بتایا کہ اب انٹرنیشنل ٹینڈر ہوگا اور عالمی سطح کی کمپنی اسے چلائے گی۔وزیر ریلوے کلب کا کنٹرول لینے خود لاہور آئیں گے ۔ اسلام آباد(خبر نگار)عدالت عظمیٰ نے قتل کے ملزم کی بریت کیخلاف مقتول کے بھائی کی نظر ثانی اپیل خارج کرتے ہوئے آبزرویشن دی کہ انصاف چاہیے تو عدالتوں میں سچ بولنا ہوگا ،سچ بولنے کی ہمت نہیں تو انصاف بھی نہ مانگیں ۔چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے مقتول طارق محمود کے قتل کے ملزم احمد کی بریت کیخلاف ان کے بھائی صفدر صدیق کی نظر ثانی اپیل کی تو درخواست گزار نے بتایا کہ ان کے بھائی کو احمد نے لوگوں کے سامنے قتل کیا لیکن سپریم کورٹ نے انھیں بری کردیا ۔ چیف جسٹس نے درخواست گزار کے ساتھ مکالمہ کرتے ہوئے کہا کیا آپ نے بریت کا فیصلہ پڑھا ہے کہ ملزم کو کیوں بری کیا گیا؟۔ چیف جسٹس نے کہا غلط شہادت پر ملزم بری ہو جاتے ہیں اور الزام عدلیہ پر ڈال دیا جاتا ہے ،آپ کے بھائی کو ملزم احمد نے ہی قتل کیا ہوگا لیکن جھوٹی گواہی دینے پر ملزم بری ہوگیا ۔ ادھر سپریم کورٹ نے سرکاری زمین بذریعہ بوگس این او سی نجی شخص کو الاٹ کرنے کے ملزمان کی اپیلیں خارج کردیں ۔ چیف جسٹس نے ریمار کس دیئے کہ پہلے کبھی منشیات اور دہشتگردی کے مقدمات میں عدالتوں کا رویہ بڑا سخت ہوتا تھا لیکن آج کل کرپشن کیخلاف عدالتوں کا رویہ بڑا سخت ہے ۔ مزید برآںسپریم کورٹ نے کمیٹی چیئرمین تھرپارکر عمید علی کی نااہلی کے خلاف درخواست سماعت کیلئے منظورکر تے ہوئے الیکشن کمیشن اور سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا جبکہ ایڈوکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری کر دیا۔