اسلام آباد(خبر نگار)ڈی آئی جی وقار چوہان کی سربراہی میں قائم 6رکنی کمیٹی نے سپریم کورٹ کے ججوں کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی سکروٹنی کا عمل مکمل کرلیا ہے ۔عدالتوں میں تعینات باقی اہلکاروں کی جانچ پڑتال ایک ہفتہ کے اندر مکمل کرلی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق اس ضمن قائم کی گئی خصوصی کمیٹی میں اے آئی جی سپیشل برانچ، ایس ایس پی سکیورٹی، ایس پی سپریم کورٹ اوردو ماہرین نفسیات شامل ہیں جو سائنسی بنیادوں پر ان اہلکاروں کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرینگے اور مشکوک نظر آنے والے اہلکاروں کی ڈیوٹیاں تبدیل کردی جائیں گی ۔ذرائع نے بتایا سپریم کورٹ میں تعینات 239 سکیورٹی اہلکاروں کی جانچ پڑتال کے لئے اہلکاروں سے تحریری سوالنامہ اور انٹرویو بھی لیا جارہا ہے ، جس میں ان سے مذہبی رجحانات،دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں اور اہلخانہ سے متعلق سوالات پوچھے جاتے ہیں۔