لاہور،اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی،خبر نگار) سپریم کورٹ کے دیامر بھاشا اورمہمند ڈیمز فنڈ میں جمع ہونیوالی رقم ایک ارب روپے سے تجاوزکرگئی ہے جبکہ پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیز ، میڈیکل انسٹیٹیوٹس اور میڈیکل کالجز نے سپریم کورٹ کے ڈیمز فنڈ میں ایک کروڑ69لاکھ 43ہزار 184روپے بطور عطیہ جمع کرا دیئے ہیں۔ ترجمان سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق گزشتہ روز لاہور رجسٹری میں پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیز ، میڈیکل انسٹی ٹیوٹس اور میڈیکل کالجزکے چانسلرزاور پرنسپلزکے وفد نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے ملاقات کی اور مذکورہ عطیہ کا چیک پیش کیا۔ وفد نے چیف جسٹس پاکستان کو مستقبل میں بھی ڈیمز فنڈ کی تعمیر کیلئے فنڈز دینے کی یقین دہانی کرائی۔ دوسری جانب عدالت عظمی ٰکے ڈیم فنڈ میں اب تک جمع ہونیوالی رقم ایک ارب 13 کروڑ 97 لاکھ20 ہزار855روپے ہوگئی ہے ۔ عدالت عظمیٰ نے 4جولائی کو ڈیموں کی تعمیر کیلئے فنڈز جمع کرانے کیلئے بینک اکاؤنٹ کھلوایا تھا۔