اسلام آباد،ملتان (خبر نگار،سپیشل رپورٹر،صباح نیوز )عدالت عظمیٰ نے گزشتہ عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 217سے موجودہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ہرانے والے امیدوار سلمان نعیم کی رکنیت بحال کردی ہے ۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 2018 کے عام انتخابات میں ملتان سے پنجاب اسمبلی کی نشست پر شاہ محمود قریشی کو ہرانے والے سلمان نعیم کی اپیل منظور کرکے ان کی نااہلیت کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم کردیا ،الیکشن کمیشن نے کم عمری اور دو شناختی کارڈ رکھنے کی بنیاد پر پی پی 217سے کامیاب امیدوار سلمان نعیم کو نااہل کردیا تھا ،ہائی کورٹ نے نااہلیت کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا ۔ تحریک انصاف کے سینئر رہنما سردار جہانگیر ترین نے شیخ سلمان نعیم سے ملاقات کی اور انہیں سپریم کورٹ کی جانب سے بطور ایم پی اے رکنیت بحالی پر مبارکباد دی۔اس موقع پر جہانگیر ترین کا کہنا تھا شیخ سلمان نعیم کودو سال سے زائد عرصہ تک اپنے حلقے کی نمائندگی سے محروم رکھا گیا جو کہ انتہائی افسوس ناک عمل ہے ، ان کی بحالی سے انشا اﷲ حلقے کے عوام کے مسائل حل ہوں گے ،جہانگیر ترین کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں شیخ سلمان نعیم انتہائی خوش دکھائی دے رہے ہیں ،اس موقع پر جہانگیر ترین نے شیخ سلمان نعیم کو بطور ایم پی اے بحالی پر مٹھائی بھی کھلائی، اس موقع پر ترین گروپ کے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ جہانگیر ترین نے ڈسٹرکٹ جیل لودھراں اور سنٹرل جیل بہاولپور میں مختلف نوعیت کے جرائم کی سزا میں قید 5 غریب قیدیوں پر عدالت کی جانب سے عائد کردھ جرمانہ ادا کر کے رہائی یقینی بنا دی، جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں قیدیوں کو 1 سے 7 ماہ تک مزید قید کی صعوبت برداشت کرنا تھی، قیدیوں کے اہل خانہ نے ضلعی انتظامیہ لودھراں اور جیل حکام کے توسط سے جہانگیر ترین سے رابطہ کر کے اپنے پیاروں کی رہائی میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔جرمانہ کی ادائیگی کے بعد قیدیوں کو جیلوں سے رہا کردیا گیا۔ جہانگیر ترین نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دکھی انسانیت اور ضرورت مندوں کی مدد کرکے مجھے خوشی ہوتی ہے ۔