اسلام آباد (خبرنگار) سپریم کورٹ میں کل سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ کے دوران اہم مقدمات کی سماعت کیلئے 5 بنچ تشکیل دیئے گئے ہیں ، اس ہفتے لال مسجد آپریشن کیس، اصغر خان کیس، مارگلہ کی پہاڑیوں پر سٹون کرشنگ، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی واپسی، سابق ایس ایس پی رائو انوارکیس ،کراچی میں رکشوں کی اجازت، نیب میں غیر قانونی بھرتیوں اورمعذور افراد کے حقوق سے متعلق مقدمات کی سماعت ہوگی۔کاز لسٹ کے مطابق بنچ نمبر ایک چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس مقبول باقر، جسٹس سردار طارق مسعودپر مشتمل ہے ، بنچ نمبر دو جسٹس گلزار احمد اور جسٹس قاضی فائز عیسی پر مشتمل ہے ، یہ بنچ بدھ کے روز لال مسجد آپریشن سے متعلق کیس کی سماعت کریگا۔ بنچ نمبر تین جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل ہے ، یہ بنچ سوموار کو اصغر خان کیس فیصلہ پر عملدرآمدسے متعلق معاملہ کی سماعت کریگا ۔ منگل کواس بنچ کے روبرو امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی واپسی، لوڈشیڈنگ، رینٹل پاور پلانٹ کارکے کی نیب کے خلاف درخواست اور مارگلہ کی پہاڑیوں پر سٹون کرشنگ کے حوالے سے کیس جبکہ بدھ کو رائو انوار کیس اور چنگ چی رکشوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوگی، جمعرات کو جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں بنچ نیب میں غیر قانونی بھرتیوں اور معذور افراد کے حقوق سے متعلق کیس کی سماعت کریگا۔ بنچ نمبر چار جسٹس عمر عطا بندیال ، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس یحیی آفریدی پر مشتمل ہے جو منگل کے روزلاء کالجز سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ پر نظر ثانی کی درخواستوں کی سماعت کریگا، بنچ نمبر پانچ جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل ہے ۔