اسلا م آباد(خبرنگار) سپریم کورٹ نے نااہلیت کے فیصلے کے خلاف خواجہ آصف کی اپیل سماعت کے لئے مقرر کرلی ہے ۔جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بنچ پیر کو کیس کی سماعت کرے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر 26 اپریل کو فیصلہ سناتے ہوئے خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔خواجہ آصف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا ۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے وزیراعلی پنجاب کے سابق سیکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ کی بطور ڈبلیو ٹی او سفیر تعیناتی بارے از خود نوٹس کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے ۔ عدالت نے اس ضمن میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور سیکرٹری داخلہ کو نوٹس بھی جاری کردیئے ہیں۔ اصغر خان کیس میں عدالت عظمی کے فیصلہ پر نظرثانی کی اپیلیں سماعت کیلئے مقررکردی گئیں ہیں۔ سماعت پیرکو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔