لاہور(سپورٹس رپورٹر)ڈائریکٹر جنر ل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ خواتین کھلاڑیوں نے نیشنل ویمن ہاکی چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، سپورٹس بورڈ پنجاب بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے اور مستحق کھلاڑیوں کو وظائف دے گا، کھلاڑی محنت کریں اور ملک کا نام روشن کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں 30 ویں نیشنل وومن ہاکی چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی پنجاب کی ویمن ہاکی ٹیم میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ وومن ہاکی ٹیم نے نیشنل ویمن ہاکی چیمپئن شپ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی جس پر سپورٹس بورڈ پنجاب نے خواتین کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے ، ہاکی کی ترقی اور فروغ کے لئے ہر طرح سے تعاون کررہے ہیں۔