لاہور(سپورٹس رپورٹر) سپورٹس بورڈ پنجاب بچت سکیم پر عمل پیراہو گیا، سپورٹس بورڈ پنجاب نے اپنی سرکاری ڈاک کی فوٹو کاپیاں بھی پی ایچ ایف سے کرانا شروع کر دی ہیں۔ سپورٹس بورڈ پنجاب میں ان دنوں بچت مہم پر عمل کیا جا رہا ہے جس کے تحت بورڈ میں سٹیشنری سمیت روزہ مرہ ضروریات کی کوئی چیز خریدی نہیں جا رہی۔ بورڈ کے اعلی حکام کی جانب سے ماتحت افسران کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے کمرہ کی ضروریات کی تمام اشیا خود اپنی جیب سے خرید کر استعمال کریں۔ سپورٹس بورڈ پنجاب میں سٹیشنری کی کمی کی وجہ سے بورڈ کے افسران نے سرکاری ڈاک کی فوٹو کاپیاں پاکستان ہاکی فیڈریشن سے کرانا شروع کر دی ہیں۔ جبکہ بجلی، سوئی گیس سمیت دیگر اخراجات پر بھی کٹ لگایا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن پہلے ہی مالی بحران کا شکار ہے ایسے میں سپورٹس بورڈ پنجاب بھی ان پر بوجھ بن گیا ہے ۔