لاہو ر( این این آئی) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔جس میں سپیشل اکنامک زونز کے قیام، صنعتی یونٹ لگانے کے لئے پلاٹوں کی فروخت اور صنعتی مراکز میں انفراسٹرکچر کی فراہمی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری صنعت وتجارت ظفر اقبال ،چیئرمین پیڈمک سید نبیل ہاشمی،ایڈیشنل سیکرٹری صنعت،سی ای او پیڈمک اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے معاشی ترقی کا انقلاب برپا ہو گا۔ سپیشل اکنامک زونز میں صنعت کاروں کو صنعتی یونٹ لگانے کے لئے خصوصی مراعا ت اور سستے پلاٹ دئیے جائیں گے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ جدید انفراسڑکچر کی سہولتوں سے آراستہ صنعتی مراکز صوبے کی ترقی کے حوالے سے گیم چینجرثابت ہوں گے ۔پنجاب حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پنجاب کا رخ کر لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نئی صنعتیں لگنے اور نئی سرمایہ کاری آنے سے صوبے کے معاشی حالات بدلیں گے ۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آبادکے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے ۔