واشنگٹن( ویب ڈیسک) مشہور کھرب پتی موجد اور ٹیکنالوجی کی کئی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک نے کہا ہے کہ وہ نچلے مدار اور خلا میں 30 ہزار سے زائد سیٹلائٹ بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔انسانی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں چھوٹے سیٹلائٹس بھیجنے کا کوئی منصوبہ پیش کیا گیا ہے ۔ اس کی تفصیلات گزشتہ ہفتے اس وقت منظرِ عام پر آئیں جب ایلون کی کمپنی اسپیس ایکس نے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونی کیشن یونین (آئی ٹی یو) میں ایک درخواست جمع کرائی ہے ۔ آئی ٹی یو میں اقوامِ متحدہ کی ذیلی ایجنسی ہے جو مصنوعی سیارچوں کو خلا میں بھیجنے کے تمام معاملات دیکھتی ہے ۔ یہاں دی جانے والی درخواست کے مطابق کمپنی 1500 سیٹلائٹ کے 20 سیٹ مدار میں بھیجے گی تاہم اس کی آئی ٹی یو کے علاوہ دیگر اداروں سے بھی اس کی منظوری لی جائے گی۔ دوسری جانب ماہرین کا خیال ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں سیٹلائٹ سے خلا میں ان کے باہمی ٹکرانے کے خطرات بھی بڑھ سکتے ہیں لیکن سپیس ایکس نے کہا ہے کہ ایسا نہیں ہوگا۔