کراچی ( کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک روزہ مندی کے بعد جمعہ کو ریکوری آئی جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 235.91پوائنٹس کے اضافے سے 33931.23پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیاجبکہ 56.01فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 33 ارب 24کروڑ32لاکھ روپے بڑھ گئی ۔گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغازہی مثبت زون میں ہوا ۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کی نچلی سطح پر آئی قیمتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خریداری کی گئی، جس سے ایک موقع پر انڈیکس34ہزارپوائنٹس پر پہنچ گیا۔ بعد میں پرافٹ ٹیکنگ رجحان کے باعث مذکورہ سطح برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی غالب رہی۔دوسری جانب کے ایس ای30انڈیکس 94.50پوائنٹس اضافے سے 14743.11پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس128.38پوائنٹس کے اضافے سے 24435.18پوائنٹس پر بند ہوا ۔ دریں اثنا عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت مزید 800روپے اضافے سے 97ہزار200روپے فی تولہ ہوگئی ۔اسی طرح 10گرام سونے کی قیمت686روپے اضافے سے 83ہزار333روپے ہو گئی۔علاوہ ازیں فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید ایک روپے اضافے سے 162 سے بڑھ کر163ر اور قیمت فروخت162.30 سے بڑھ کر163.25روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خریدایک روپے اضافے سے 161.30 سے بڑھ کر162.30 اور قیمت فروخت 1.50روپے اضافے سے 161.80 سے بڑھ کر163.30روپے ہو گئی۔علاوہ ازیں یورو کی قدراڑھائی روپے ، برطانوی پاؤنڈ کی3روپے ، سعودی ریال کی30پیسے ، یوے ای درہم کی 20پیسے بڑھ گئی ہے ۔