کراچی ( کامرس رپورٹر )عید الفطر کی تعطیلات کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں پہلے کاروباری روز (جمعرات)مندی کارجحان غالب رہا ۔ کے ایس ای100انڈیکس 141.19پوائنٹس کمی سے 33695.42پوائنٹس کی سطح پر آگیاجبکہ 48.35فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے سرمایہ کاروں کو19 ارب 83کروڑ66لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ۔گزشتہ روزکاروبار شروع ہوا تو ابتداسے ہی سرمایہ کاروں نے محتاط طرز عمل اپنایا اور شیئرز فروخت کو ترجیح دی جس سے مندی چھاگئی ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 33598پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا تاہم بعد ازاں ریکوری آنے سے 33600کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی لیکن مندی کے اثرات زائل نہ ہوسکے ۔دریں اثناعالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے باعث مقامی مارکیٹوں میں بھی 400روپے اضافے سے 96ہزار400روپے فی تولہ ہوگئی۔10گرام سونے کی قیمت342روپے اضافے سے 82ہزار647روپے ہو گئی۔علاوہ ازیں فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابل ڈالر کی قدر میں ایک روپے 20پیسے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر کی قیمت خرید160.80سے بڑھ کر162، قیمت فروخت161 سے بڑھ کر162.30روپے ہوگئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں80پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 160.50سے بڑھ کر161.30 اور قیمت فروخت161روپے سے بڑھ کر161.80روپے ہو گئی۔