کراچی ( کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو بھی تیزی کا رجحان غالب رہاجس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس34ہزار کی نفسیاتی حد کو بحال کرتے ہوئے 90.74پوائنٹس کے اضافے سے 34021.97 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیااورمارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت بھی 8 ارب 24کروڑ76لاکھ روپے بڑھ گئی تاہم کاروباری حجم گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 14.98فیصد کم رہا۔دریں اثناعالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے باعث مقامی مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت مزید600روپے کے اضافے سے 98 ہزار 100 روپے ہوگئی ۔علاوہ ازیں کرنسی مارکیٹوں میں امریکی ڈالر سمیت دیگر غیر ملکی کرنسیوں کا پاکستانی روپے کی قدر پر دباو بڑھ گیا جس کے باعث امریکی ڈالر164روپے کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔