کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو شدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا , عید تعطیلات کے بعد بھی مارکیٹ میں حصص کے فروخت کا دباؤبرقرار رہا ،کے ایس ای100انڈیکس29ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے بھی گرتے ہوئے 664.44پوائنٹس کی کمی سے 28764.63پوائنٹس کی سطح پر آگیا جب کہ 68.38فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی سرمایہ کاروں کو 103 ارب روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔ کاروباری حجم بھی صرف6کروڑ52لاکھ12ہزار شیئرز کے لین دین تک محدود رہا ۔ گزشتہ روزجمعہ کو کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا ۔اور کشمیر کے حوالے سے پاک بھارت کشیدگی کے باعث سرمایہ کار حصص فروخت کرنے کوترجیح دیتے نظر آئے اورمارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس29ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 28692پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا تاہم بعد ازاں منافع بخش سیکٹرکی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں کے باعث ریکوری آئی اور انڈیکس کی 28700 کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تاہم مندی کے اثرات غالب رہے ، مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 28764.63پوائنٹس پر بندہوا۔ کے ایس ای30انڈیکس386.39پوائنٹس کمی سے 13406.78پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس1426.99پوائنٹس کمی سے 44929.44پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس370.35پوائنٹس کمی سے 21397.34پوائنٹس پربندہوا ۔گزشتہ روزم310کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 81کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،212کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ17کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں103ارب 66کروڑ19لاکھ روپے کی کمی سے 59کھرب16ارب48کروڑ83 لاکھ روپے ہوگئی۔جمعہ کوم6کروڑ52لاکھ12ہزارشیئرزکاکاروبارہواجوگزشتہ جمعہ کی نسبت14.65فیصد کم ہے ۔صنوفی ایونٹس کے حصص کی قیمت19.03روپے اضافے سے 455.59روپے ،پاک گم اینڈ چیم کے حصص کی قیمت 7.77روپے اضافے سے 163.17روپے پر بند ہوئی۔ سیپ ہائر ٹیکس کے حصص کی قیمت65.75روپے کمی سے 1249.28روپے جبکہ انڈس موٹرکے حصص کی قیمت37.90روپے کمی سے 962.10روپے ہوگئی ۔ پاک پٹرولیم میپل لیف،انٹر سٹیل،آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ،اینگرو پولیمر،ٹی آر جی پاک،اینگروفرٹیلائزر،کے الیکٹرک،حب پاوراور سلک بینک کے شیئرز کے سودے سرفہرست رہے ۔ادھر انٹر بینک میں ڈالر کے مقابلے روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے ڈالر159روپے کی سطح سے تجاوز کر گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں پاکستانی روپیہ ڈالرکے سامنے ڈٹا رہا ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو کرنسی مارکیٹ میں کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں55پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید 158.40روپے سے بڑھ کر158.95روپے اور قیمت فروخت158.50روپے سے بڑھ کر159.05روپے ہو گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 159روپے اور قیمت فروخت159.50روپے پر بدستور برقرار رہی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق جمعہ کو یورو کی قدر میں 80پیسے کی کمی ہوئی جس سے یورو کی قیمت کرید 175روپے سے کم ہو کر174.70روپے اور قیمت فروخت177.50روپے سے کم ہو کر176.70روپے پر آ گئی تاہم برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں2.30روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 189روپے سے بڑھ کر191.50روپے اور قیمت فروخت191.20روپے سے بڑھ کر193.50روپے پر جا پہنچی ۔علاوہ ازیں عالمی صرافہ مارکیٹ میں جمعہ کو فی اونس سونے کی قیمت1514ڈالر سطح پر برقرار رہی تاہم ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان رہا۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت 100روپے کے اضافے سے 88ہزار400روپے ہو گئی جبکہ 86روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت 75ہزار789روپے پر جا پہنچی۔