کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو بھی شدید مندی کے بادل چھائے رہے جس کے نتیجے میں ہفتے میں تیسری بار ٹریڈنگ 45منٹ کے لئے روک دی گئی تاہم بعد ازاں ٹریڈنگ بحال ہونے کے بعد ریکوری آئی اور مجموعی طور پر کے ایس ای100انڈیکس 104.19پوائنٹس کے اضافے سے 36060.88پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جب کہ51.41فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیالیکن مہنگے شیئرز کی فروخت کا رجحان غالب رہنے کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو 9ارب34کروڑ36لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ۔گزشتہ روز کاروبار کے آغاز سے ہی مندی کا رجحان جاری رہا اور مارکیٹ میں تھوڑی دیرمیں ہی1682پوائنٹس کی کمی ہوئی اورکے ایس ای100انڈیکس 4.68فیصد کی مندی سے 34ہزار273پوائنٹس کی سطح پر آگیا جس کے بعد حصص کی لین دین 45منٹ کے روک دی گئی واضح رہے کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے گھبراہٹ میں حصص کی دھڑا دھڑ فروخت کے باعث مارکیٹ 4فیصد سے زائد گرنے کی وجہ سے رواں ہفتہ تیسری مرتبہ ٹریڈنگ معطل کرنی پڑی تاہم رسک مینجمنٹ قوانین کے تحت45منٹ کے وقفے کے بعد کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے کے بعد ریکوری آئی اور مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس104.19پوائنٹس کے اضافے سے 36060.88پوائنٹس پر بند ہوا ۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس بھی24.27پوائنٹس کی کمی سے 16016.64 پوائنٹس جب کہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 19.01پوائنٹس کی کمی سے 25291.96پوائنٹس پربندہوا۔گذشتہ روز 354کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 158کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 182میں کمی اور 14میں استحکام رہا ۔