کراچی (کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو بھی مندی غالب رہی۔کے ایس ای100انڈیکس مزید100.90پوائنٹس کمی سے 33438.95 کی سطح پر آگیا جبکہ 67.39فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ،جس سے سرمایہ کاروں کو18ارب 23کروڑ35لاکھ روپے کا نقصان اٹھاناپڑا ۔گزشتہ روزپاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا،ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس33701پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تاہم بعد ازاں حصص کی فروخت کا دباؤ بڑھنے سے تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور مندی چھاگئی ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روزانٹر بینک میں ڈالر 166.80روپے جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں167.20روپے کا ہو گیا، انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید10پیسے اضافے سے 166.40 سے بڑھ کر166.50اور قیمت فروخت166.70 سے بڑھ کر166.80روپے ہو گئی۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید50پیسے اضافے سے 166.20سے بڑھ کر166.70 اور قیمت فروخت166.70 سے بڑھ کر167.20روپے پر جا پہنچی جبکہ صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونامزید1400روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 700روپے کی بلند سطح پر پہنچ گئی ۔آل سندھ صراف جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق جمعہ کو عالمی مارکیٹ میں9ڈالرکے اضافے سے فی اونس سونے کی قیمت 1736ڈالر ہو گئی جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں1400روپے کے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 700روپے اور دس گرام سونے کی قیمت1200روپے کے اضافے سے 86ہزار334روپے ہو گئی۔