کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تین روز سے جاری مندی کا تسلسل ٹوٹ گیا اور کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو کے ایس ای100انڈیکس میں 126.08پوائنٹس کی ریکوری آئی جس سے انڈیکس 42633.02پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیاجب کہ50.85فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیا گیا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 19ارب77کروڑ60لاکھ روپے بڑھ گئے تاہم کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 25.03فی صدکم رہا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزٹریڈنگ کے آغا زسے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط طرز عمل اختیار کیا گیا جس کے نتیجے میں اتار چڑھاو کا سلسلہ جاری رہا اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس 42250پوائنٹس کی نچلی اور 42707]پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس126.08پوائنٹس کے اضافے سے 42633.02پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس78.31پوائنٹس کے اضافے سے 19806.85پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 73.37پوائنٹس کے اضافے سے 29529.88پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر350کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 178کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ152میں کمی اور20میں استحکام رہا ۔