کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک روزہ تیزی کے بعد بدھ کو پھر مندی چھاگئی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 226.29 پوائنٹس کمی سے 45676.94کی سطح پرآگیا۔ اس دوران 59.56فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی، جس سے سرمایہ کاروں کو24ارب11کروڑ57لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ۔پاکستان سٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں دلچسپی کے باعث تیزی رہی اور 100انڈیکس 45903پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں حصص فروخت کا دباؤ بڑھنے کے سبب تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور مندی چھاگئی۔ ادھرکے ایس ای30انڈیکس127.11پوائنٹس کمی سے 19025.55اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس89.33پوائنٹس کمی سے 31722.41پوائنٹس کی سطح پرآ گیا ۔ ملکی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت150روپے اضافے سے 1لاکھ 13ہزارروپے اوردس گرام سونے کی قیمت 130روپے اضافے سے 96ہزار880روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں گزشتہ روز انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید160.40روپے مستحکم رہی اور قیمت فروخت10پیسے کی کمی سے 160.60روپے سے گھٹ کر160.50روپے ہو گئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید160.40روپے اور قیمت فروخت160.70روپے برقرار رہی ۔