کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو ریکوری ہوئی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں دلچسپی بڑھنے سے کے ایس ای100انڈیکس کی31ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی اور انڈیکس866.03پوائنٹس کے اضافے سے 31837.30پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔گزشتہ روز78.40 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت ایک کھرب20ارب57کروڑ91لاکھ روپے بڑھ گئی اورکاروباری حجم بدھ کی نسبت 19.62فیصدزائد رہا ۔ گزشتہ روز ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی مالیاتی اداروں ،میوچل فنڈز اور بروکریج ہاؤسز کی جانب سے آئل وگیس اور سیمنٹ سیکٹر کے شیئرز کی خریداری کی گئی جس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس32009پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا ،بعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ رجحان کے باعث 32ہزار کی نفسیاتی حد بحال نہ رہ سکی ۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس بھی428.28پوائنٹس کے اضافے سے 14146.20پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 455.44پوائنٹس کے اضافے سے 22647.97پوائنٹس پر بند ہوا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر352کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 276کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،57 میں کمی ہوئی اور19کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں ۔ دریں اثنامقامی کرنسی مارکیٹوں میں جمعرات کو امریکی ڈالر سمیت بیشتر کرنسیوں کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری دیکھنے میں آئی، انٹر بینک میں ڈالر 40پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 50پیسے سستا ہوگیا ۔جس سے انٹر بینک میں ڈالر168روپے سے گھٹ کر167.40روپے ہوگیاجب کہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت خرید50پیسے کی کمی سے 167روپے سے گھٹ کر166.50اور قیمت فروخت168روپے سے گھٹ کر167.50روپے ہوگئی۔