کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو 4 ارب 61 کروڑ کا خسارہ برداشت کرنا پڑا،ڈالراور سونے کی قیمت میں بھی کمی ہوگئی،تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تین روزہ تعطیل کے بعد کاروباری ہفتے کے آغاز پرپیرکومندی کا رجحان غالب رہا،100 انڈیکس کی 34ہزارکی نفسیاتی حد گرکر195 پوائنٹس کی کمی سے 33916.64 پوائنٹس کی سطح پرآگیا،حصص فروخت کے دباؤ سے 50.42 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ہوئی اورسرمایہ کاروں کو 4 ارب 61 کروڑ 9 لاکھ روپے کا خسارہ اٹھانا پڑا۔کاروبارکے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں نے محتاط طرزعمل اپنایااورابتدائی اوقات میں انڈیکس تقریباً50 پوائنٹس بڑھا لیکن بعد ازاں سرمایہ کاروں نے طویل المیعاد سرمایہ کاری کے بجائے وقتی حکمت عملی کے تحت منافع کے حصول کی غرض سے حصص فروخت کرنا شروع کردیئے جسکے نتیجے میں مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی 30انڈیکس میں بھی 125.53 پوائنٹس کی کمی سے انڈیکس 14956.29 پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرانڈیکس 17.31 پوائنٹس کی کمی سے 23920.30 پوائنٹس پربند ہوا،مجموعی طورپر353 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 155 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 178کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور20 میں استحکام رہا،مندی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری 63 کھرب 72 ارب 10 کروڑ63 لاکھ روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں مقامی کرنسی مارکیٹ میں پیرکوبھی امریکی ڈالرکی قدرمیں کمی کا سلسلہ برقراررہا اورانٹربینک میں ڈالر87 پیسے کمی سے 159.63 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ایک روپے کی کمی سے 159.50روپے کی سطح پرآگیا،یوروکی قدرمستحکم رہی جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید 195روپے سے بڑھ کر196روپے اورقیمت فروخت197روپے سے بڑھ کر198روپے ہوگئی۔اوہ ازیں آل کراچی صراف اینڈ جیولرزایسوسی ایشن کے مطابق پیرکو ڈالرکے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدرمیں بہتری آنے کے باعث سونے کی فی تولہ قیمت 400 روپے کی کمی سے 94800 روپے اور 10 گرام قیمت 343 روپے کی کمی سے 81 ہزار276 روپے ہوگئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 960روپے مستحکم رہی۔