مکرمی!گڑھ موڑ تا ہیڈ محمد والا خوشاب،مظفر گڑھ مین روڈ براستہ احمد پور سیال کے دونوں اطراف تھانہ رنگ پور کی حدود میں ہیچری فارم سڑک کی بنیادوں کو کھوکھلا کررہے ہیں۔عرصہ درازکے بعد احمد پور سیال سے ملتان اور مظفر گڑھ جانے کے لیے کارپٹ سڑک بنائی گئی جس کی وجہ سے احمد پور سیال سے ملتان اور مظفر گڑھ کے فاصلے سمٹ کررہ گئے ہیں ۔لیکن اس سڑک کے دونوں اطراف ہیچری فارم بنے ہوئے ہیں جن کی وجہ سے ہیچری فارموں کا پانی اندر ہی اندر سے اس سڑک کی بنیادیں کمزور کر رہا ہے اور اسے تباہی کے دہانے کی طرف لے جارہا ہے ۔ پہلے ہی خدا خداکرکے یہ سڑک بنا کر سفری سہولت میں آسانیاں پیدا کی گئی ہیں اگر زیر زمین پانی کو سڑک کی طرف بڑھنے سے نہ روکا گیا تو رفتہ رفتہ یہ سڑک ایک بار پھر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجائے گی ۔اہلیان علاقہ نے ارباب اختیار سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ان ہیچری فارموں کو سڑک سے دور بناکر سڑک کی اطراف بند تعمیر کیے جائیں تاکہ اس کارپٹ روڈ کو تباہی سے بچایا جاسکے۔ (علی احمد زبیری، گڑھ موڑ)