لاہور ( کرائم رپورٹر ،سپیشل رپورٹر ) سی سی پی او ذوالفقار حمید سے لاہور کے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں عوامی مسائل کے حل اور پولیس سے متعلقہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں صوبائی وزیر ملک اسد علی کھوکھر، رکن اسمبلی ندیم عباس بارا، زینب عمیر، سعدیہ سہیل، ملک زمان، راشدہ خانم، شاوانہ بشیر، عظمی کاردار اور دیگر شامل تھے ۔ اس موقع پر خواتین ارکان اسمبلی نے تھانوں میں ویمن ڈیسک کے قیام کی تجویز دی جس پر سی سی پی او نے کہا کہ لاہور میں خواتین کے لئے الگ پولیس سٹیشن موجود ہے تاہم ہر تھانے میں ویمن ڈیسک کے قیام پر بھی غور کیا جائے گا۔۔ سی سی پی او نے کہا کہ تھانہ کلچر میں بہتری کے لئے منتخب نمائندوں کا تعاون خوش آئند ہے ۔ سسٹم میں بہتری کے لئے معاشرے کے تمام طبقوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔دریں اثنا سی سی پی او نے تھانہ گلشن اقبال کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ کیا۔ ایس پی اقبال ٹاون کیپٹن (ر) اجمل اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسروں نے انہیں بریفنگ دی۔پی ایس ایل میچز کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ ڈی آئی جی آپریشنز بابر سعید، سی ٹی او کیپٹن (ر) ملک لیاقت، ایس ایس پی آپریشنز محمد نوید،ایس پی ہیڈ کوارٹرز ملک جمیل، ایس پی سکیورٹی بلال ظفر اور پی سی بی حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پی ایس ایل ٹیموں کے پریکٹس میچز اور دیگر سرگرمیوں کی سکیورٹی پر غور کیا گیا۔