لاہور، اسلام آباد، پشاور ( اپنے سٹاف رپورٹر سے ، لیڈی رپورٹر، نیوز رپورٹر) لاہور سمیت پنجاب اور ملک بھر میں شدید سردی اور دھند چھائی رہی، ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور ٹرینوں کا شیڈول درہم برہم ہوگیا، مسافروں کو شدید مشکلات پیش آئیں، خیبر پختونخوا میں سردی کی شدت میں شدید اضافہ ہوگیا ، پشاور سمیت متعدد اضلاع میں 36سال بعد درجہ حرارت نکتہ انجماد سے گر گیا، پشاور میں درجہ حرارت منفی ایک ،مردان صفر، پارا چنار منفی 4،بنوں منفی3، سیدوشریف منفی 1، چترال منفی 2، تیمرگرہ منفی 1، کالام منفی 5،دیر میں منفی 3ریکارڈکیا گیا، لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع نے بتایا کہ دھند اور سردی کی لہر کی وجہ سے تعطیلات میں 7جنوری تک توسیع کا اعلان کردیا گیا ہے ، پنجاب میں بھی شدید سردی رہی، اٹک، کندیاں، چشمہ، پپلاں اور صادق آباد میں دھند کے باعث لوگ شدید پریشان رہے ، کراچی سے لاہور آنیوالی قراقرم ایکسپریس 7 گھنٹے 55 منٹ تاخیر سے پہنچی، کراچی ایکسپریس 4 گھنٹے 50 منٹ، ملت ایکسپریس 12 گھنٹے 40 منٹ، پاک بزنس 10 گھنٹے اور پاکستان ایکسپریس 8 گھنٹے 50 منٹ تاخیر کا شکار ہوئی۔ گلگستان بلتستان کے علاقے سکردو میں سردی کا 25 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، ندی نالے جم گئے ، رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، لوگوں کوشدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، سکردو میں درجہ حرارت منفی 21 تک نیچے آگیا، پائپ لائنوں میں پانی اور گاڑیوں میں آئل جمنے لگا، سردی سے درخت پھٹنے لگے ، اس سے قبل 1994 میں اس قدر شدید سردی پڑی تھی۔ گوپس، بگروٹ میں منفی 12، استور منفی 11، گلگت منفی 7، کالام اورقلات میں منفی 5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اسلام آباد 2، لاہور 5 ، کراچی 9، فیصل آباد 3 اور ملتان میں 6ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقوں ، خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں شدیددھند کی توقع ہے ، دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک ، بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا، اتوار کے روز اسلام آباد ، پنجاب اور بالائی سند ھ کے بیشتر میدانی علاقے ، خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع شدید دھند کی لپیٹ میں رہے ، لاہور میں دھند اور موسم کی خرابی کے باعث اندرون و بیرون ملک آمد و رفت کی 14 پروازیں منسوخ کردی گئیں، کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، پی آئی اے کی کوئٹہ کی پرواز، کراچی کی دو پروازیں، بلیو ائیر کی کراچی کی 2 پروازیں ، پی آئی اے کی اسلام آباد کی پرواز، پی آئی اے کی ابوظہبی سے آنیوالی پرواز، لندن سے آنیوالی پرواز، اسلام آباد سے آنیوالی پرواز، کراچی سے آنیوالی پرواز، ریاض سے آنیوالی پرواز، بلیو ائر کی کراچی سے آنیوالی دو پروازیں منسوخ کی گئیں۔