لاہور،اسلام آباد (اپنے نیوز رپورٹر سے ،آن لائن) احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیرکی عدالت میں زیرسماعت سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے مشیرمیاں خرم رسول کے خلاف سکریپ ریفرنس میں گواہ کابیان قلمبندکرلیاگیا۔خرم رسول کو اڈیالہ جیل سے بکتربندگاڑی میں لاکرعدالت پیش کیاگیا،مزیدسماعت2اگست کو ہوگی۔احتساب عدالت لاہور نے آئی جی آفس میں غیر قانونی بھرتی کے کیس میں11 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 10 روز کی توسیع کرکے آئندہ سماعت یکم اگست پرنیب کے تفتیشی افسر سے مکمل رپورٹ طلب کر لی۔احتساب عدالت لاہور کے جج امیر محمد خان نے ڈی پی او آفس ساہیوال میں 27 کروڑ روپے کی خوردبرد کے کیس میں تین ملزمان محمد توحید،محمد علی اور شاہد ریاض کو 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔احتساب عدالت لاہور کے جج وسیم اختر نے نندی پور پاور پروجیکٹ میں 22کروڑ روپے کے فرنس آئل چوری کے کیس میں تین ملزمان قیصر عباس، دلبر حسین ڈوگر اور رانا مہتاب عالم کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی۔نیب کے تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان نے نندی پور پاور پلانٹ سے 145 آئل ٹینکر ز غائب کر دئیے تھے ۔ احتساب عدالت لاہور نے 11 ارب روپے کے ایم این ایم موٹر سائیکل کرپشن سکینڈل کیس میں20 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی۔ نیب نے ملزمان کے متعلق مکمل تفتیشی رپورٹ پیش کر دی، نیب پراسیکیوٹر کے مطابق کیس میں اب تک 68 کے قریب ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جا چکی ہے ۔