بیجنگ(نیٹ نیوز) چین کے ساحلی شہر شنگھائی سے تعلق رکھنے والے 5 سالہ بچے کی 15 صفحات پر مشتمل سی وی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا رکھی ہے ۔ ننھے بچے کی 15 صفحات پر مشتمل سی وی ایک نجی سکول میں داخلے کیلئے بنائی گئی تھی۔سی وی میں بچے کی منفرد شخصیت، مشاغل اور نت نئے تجربات کے بارے میں تفصیل سے بیان کیا گیا ہے ۔سی وی میں بچے کے پیار کرنے والے خاندان اور تعلیمی اقدار کے بارے میں بھی سیکشن موجود ہیں۔ اس کے علاوہ 2018 میں اس بچے نے کتنی کتابیں پڑھیں وہ بھی سی وی میں درج ہے ۔ہانگ کانگ کے اخبار ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق سی وی میں بچے کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس نے 10 ہزار کتابیں پڑھ رکھی ہیں۔یہ سی وی چین میں سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر شیئر کی گئی تھی۔ سی وی پر تبصرے کرتے ہوئے کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ بچے کے والدین اس کم عمری میں اس سے کچھ زیادہ ہی توقع رکھتے ہیں۔ ایک اور انٹرنیٹ صارف نے لکھا کہ بچے کے والدین نے اس کا بچپنا برباد کر دیا ہے لیکن کچھ لوگوں نے اسے سراہتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ والدین نے بچے کا شاندار مستقبل طے کر دیا ہے ۔شنگھائی کے نجی سکولوں میں داخلے کیلئے انتہائی درجے کی مسابقت پائی جاتی ہے ، والدین اپنے بچوں کو بہترین سکولوں میں داخلوں کیلئے اسی مسابقتی دوڑ کا حصہ بنا دیتے ہیں۔