لاہور(جنرل رپورٹر ) صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کاشف مرزا نے کہا ہے سکولز کو مزید بند رکھنا ممکن نہیں، یکم جون سے سکولز کھولنے کی اجازت دی جائے ، اجازت نہ ملی تو احتجاج کریں گے ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان میں اس وقت 2 لاکھ سے زائد پرائیویٹ سکولزہیں، پاکستان میں سب سے پہلے لاک ڈاؤن سکولوں سے شروع ہوا،اس وقت ساڑھے سات کروڑ بچہ آؤٹ آف سکول ہے ،ہم نے لاک ڈاؤن میں مکمل تعاون کیا،حکومت سے ایس او پیز کی ڈیمانڈ کی اورمذاکرات کرنے کی کوشش کی ،ہم اپنے 15 لاکھ اساتذہ کو کہاں سے تنخواہیں دیں گے ،تعلیم گھر کا ڈرامہ حکومت نے شروع کیا،یہ لالی پاپ حکومت نے دیا،صوبائی وزیر تعلیم بچوں کی تعلیم کا دشمن ہے جنہوں نے کوئی نوٹیفکیشن ہی جاری نہیں کیا،دنیا میں 17 سال سے کم عمر بچے کو کورونا سے نقصان نہیں پہنچا۔وزیراعظم، چیف جسٹس اور چیف آف آرمی سٹاف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں سکول کھولنے کی اجازت دیں۔،امید ہے حکومت ہماری داد رسی کرے اور سکول کھولنے کی اجازت دے گی ،وزیر تعلیم کو فوراً اپنا استعفیٰ دے دینا چاہیے ۔