اسلام آباد،لاہور، کرائسٹ چرچ (سپورٹس رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں )نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی ۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ گزشتہ روز راولپنڈی سٹیڈیم میں دوپہر اڑھائی بجے شروع ہونا تھا اور پاکستان 18 سال بعد اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ ٹیم کی میزبانی کیلئے تیار تھا تاہم اچانک مہمان ٹیم کے کرکٹ بورڈ نے دورہ ختم کرکے ٹیم کو واپس بلانے کا اعلان کردیا۔پی سی بی کے اعلامیہ کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم اور آفیشلز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی تھی جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا تاہم اچانک دورہ منسوخ کردیا گیا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے صبح بتایا کہ انہیں سکیورٹی کے حوالے سے الرٹ موصول ہوئے جس کے باعث دورہ منسوخ کرنا ہوگا اور ٹیم کو واپس وطن بھیج دیا جائے ۔پی سی بی کاکہنا ہے وہ دورہ شیڈول کے مطابق جاری رکھنے کا خواہاں ہے تاہم نیوزی لینڈ کے اس اچانک یکطرفہ فیصلے سے کرکٹ شائقین کو مایوسی ہوئی ۔ وزیراعظم نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو رابطہ کر کے یقین دہانی کرائی تھی مہمان ٹیم کو کوئی خطرہ نہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے نیوزی لینڈ بورڈ کے فیصلے کیخلاف آئی سی سی جانے کا اعلان کردیا ۔ اپنے ٹویٹ میں رمیز راجہ نے لکھا آج کا دن شائقین اور ہمارے کھلاڑیوں کیلئے بہت افسوسناک ہے ، سکیورٹی کے خطرے پر یکطرفہ انداز اپناتے ہوئے دورہ منسوخ کرنا بہت مایوس کن ہے بالخصوص تب جب معلومات کا تبادلہ بھی نہ کیا گیا ہو، نیوزی لینڈ کس دنیا میں رہ رہا ہے ؟ اب وہ ہمیں آئی سی سی میں سنے گا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان نے بتایا کہ خصوصی چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے نیوزی لینڈ کی ٹیم کوآج واپس بھیج دیا جائے گا، یہ افسوسناک امر ہے ۔قبل ازیں نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کھلاڑیوں کی واپسی کے انتظامات کئے جا رہے ہیں ،سیریز ختم کرنے کاْفیصلہ نیوزی لینڈ حکومت نے سکیورٹی الرٹ پر کیا ہے ۔ہمیں اندازہ ہے پی سی بی کیلئے یہ بہت بڑا دھچکا ہے ۔نیوز ی لینڈ کی وزیر اعظم جسینڈا آرڈن نے کہا نیوزی لینڈ ٹیم کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے ،کیویز کرکٹ بورڈ کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ سیریز کی منسوخی کے حوالے سے پاکستانی ہم منصب سے بات ہوئی اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کا خیال رکھنے پران کا شکریہ بھی ادا کیاہے ۔ اندازہ ہے کھیل کو ایسے ختم کرنا شائقین کرکٹ کیلئے مایوس کن ہے ۔ ہمارے لیے کھلاڑیوں کا تحفظ سب سے اہم ہے ۔ اسلام آباد،(خصوصی نیوز رپورٹر، وقائع نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز کو سازش کے تحت ختم کیا گیا ہے ۔گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے رابطہ کیا، نیوزی لینڈ کے سکیورٹی انچارج نے کہا سکیورٹی خدشات ہیں، نیوزی لینڈ سکیورٹی انچارج سے پوچھا کیا سکیورٹی خدشات ہیں تو بتایا نہیں گیا۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا ہمارے پاس اطلاع ہے ٹیم باہر نکلے گی تو حملہ ہو سکتا ہے ۔ ہمارے اداروں نے راضی کرنے کی کوشش کی لیکن نیوزی لینڈ نے اپنا فیصلہ کیا، ہمارے کسی ادارے کو تھریٹ موصول نہیں ہوا۔ ہم نے نیوزی لینڈ ٹیم کو بہترین سکیورٹی دی، یہ دورہ سازش کے تحت ختم کیا گیا ہے ۔ پاکستان کی خطے میں امن کی کاوشوں کیخلاف دستانے پہنے ہوئے ہاتھوں نے سازش کی، وہ ہمیں قربانی کا بکرا بنانا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے دونوں بارڈر محفوظ ہیں۔ بھارت کی سوئی پاکستان پر پھنسی ہوئی ہے ۔ صحافی کی طرف سے سوال کیا گیا کیا آپ استعفی دیں گے ؟ اس پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کوئی عقل کی بات کرو۔ جس کی بھی سازش ہے نام لینا مناسب نہیں۔ یہ وزارت داخلہ کی ناکامی نہیں ، برطانوی ٹیم کیلئے انتظامات مکمل ہیں، فیصلہ انگلینڈ نے کرنا ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ پاکستان میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو فول پروف سیکورٹی میسر ہے اور پی سی بی کے مطابق خود نیوزی لینڈ کی سکیورٹی ٹیم نے پاکستان کے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا ہماری انٹیلی جنس ایجنسیاں دنیا کے بہترین انٹیلی جنس سسٹمز میں شامل ہیں اور ان کی رائے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کسی قسم کا خطرہ نہیں تاہم نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے ازحد احتیاط کی پالیسی کے پیش نظر دورہ ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید نے کہا مکمل یقین دہانی اور اطمینان کے بعد نیوزی لینڈ کی طرف سے آخری منٹ میں سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے ۔ بھارت ہمیشہ پاکستان کیخلاف سازشوں میں مصروف رہا ہے ، پاکستان میں بہترین سکیورٹی صورتحال تھی جو بھارت کو اچھی نہیں لگ رہی تھی۔ اسلام آباد، لاہور ( سپورٹس رپورٹر،نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے سیریز کے اچانک ملتوی ہونے پر انتہائی مایوس ہوں۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا یہ سیریز پاکستان کرکٹ کے لاکھوں شائقین کرکٹ کے چہروں پر مسکراہٹیں واپس لا سکتی تھی۔ مجھے اپنی سکیورٹی ایجنسیوں کی صلاحیتوں اور ساکھ پر پورا بھروسہ ہے ۔ وہ ہمارا فخر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے ۔ پاکستان زندہ باد۔ آل رائونڈر محمد حفیظ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا پاکستان محفوظ ملک اور پاکستانی قوم قابل ہے ، کرکٹ سیریز منسوخ ہونا قوم کیلئے مایوس کن خبر ہے ۔نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا دورہ نیوزی لینڈ کے منسوخ ہونے پر اپنی مایوسی بیان کرنے سے قاصر ہوں۔قومی کرکٹر شاداب خان نے کہا نیوزی لینڈ کا یوں اچانک دورہ پاکستان ملتوی کرنا دل دہلا دینے کے برابر ہے ۔ فاسٹ بولر حسن علی نے کہا دنیا سے میں یہی کہوں گا ہمارا ملک کرکٹ کیلئے محفوظ ہے ۔ لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد نے کہا ہے پاکستان میں سکیورٹی کسی بھی دوسرے ملک سے بہتر ہے ، سری لنکن ٹیم کیساتھ جو ہوا وہ منصوبہ بندی سے ہوا۔مجھے آئی سی سی سے زیادہ امید نہیں۔پاکستان کو اس معاملے پر اپنا ردعمل ضرور دینا چاہیے ۔سابق بولنگ کوچ وقار یونس نے کہا آج کا دن پاکستان کرکٹ کیلئے بدقسمت ہے ۔پاکستان پرامن جگہ ہے جہاں کرکٹ محفوظ ہے ۔ سابق فاسٹ بائولر شعیب اخترنے کرکٹ سیریز منسوخ کرنے کے معاملے کو شرمناک فعل قرار دیا اور کہا نیوز ی لینڈ نے پاکستان کرکٹ کو قتل کردیا۔ سابق کپتان شاہد آفرید ی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ایک خیالی دھمکی پر آپ نے تمام ترین یقین دہانیوں کے باوجود پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا، بلیک کیپس کیا آپ اپنے اس فیصلے کے اثرات سمجھتے ہیں؟ سابق کرکٹر عامر سہیل نے کہاسکیورٹی کا بہانہ بناکر نیوزی لینڈ کا واپس جانا معمولی بات نہیں، ہمیں نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈسے بات کرنے کی ضرورت ہے ۔سابق کرکٹر ثقلین مشتاق نے کہا ہم سیریز کیلئے پرجوش اور تیار تھے ، سیریز کی منسوخی سے ہر کسی کو مایوسی ہوئی ہے ۔