لاہور،سکھر،اسلام آباد(اپنے نیوز رپورٹر سے ، 92 نیوزرپورٹ،بیورو رپورٹ،نامہ نگار) نیب لاہور نے اپوزیشن لیڈراور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کے وزارت اعلی کے دور میں ان کے حلقہ میں واٹر سپلائی سکیموں کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ذرائع کے مطابق نیب نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ سے شہباز شریف کے حلقہ کاہنہ نو میں2014 کے دوران بنائی گئی تمام واٹر سپلائی سکیموں کاریکارڈ طلب کر لیا۔ نیب لاہور نے منصوبے کے پی سی ون، پاک نیشنل کنسٹرکشن کمپنی کو دئیے گئے ٹھیکوں کی تفصیلات،منصوبوں پر لاگت اور منصوبوں کی موجودہ صورتحال کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔دوسری جانب نیب سکھر نے پی پی رہنماخورشید شاہ کے خلاف مزید شواہدحاصل کرلئے ،نیب دستاویزات کے مطابق رزاق بہرانی نے خورشید شاہ کو کک بیک کی مد میں25 لاکھ روپے دئیے ، رزاق بہرانی نے رقم پی پی رہنما کے اکائونٹ میں منتقل کی ، ذرائع کے مطابق رزاق بہرانی نے یہ رقم ٹھیکہ دلوانے کے بدلے میں دی ، رزاق بہرانی اعجاز جاکھرانی کا منیجر رہ چکا،رزاق بہرانی نے بعد میں سرکاری ٹھیکیداری کا کام شروع کردیاتھا۔نیب راولپنڈی نے مفتی احسان مضاربہ سکینڈل کے متاثرین میں کروڑوں روپے تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔نیب ذرائع کے مطابق عدالت نے ملزمان کو اربوں کا جرمانہ اور سزا کا حکم سنا رکھا ہے ، کیس میں پکڑی جانے والی 13 لگژی گاڑیاں،ضبط کی جانے والی کوٹھیاں، اراضی اور دیگر قیمتی جائیدادیں فروخت کی جائیں گی۔نیب سکھر کی ٹیم نے سائٹ ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے نجی فلور ملز پر چھاپہ مار کر گندم کی ہزاروں بوریوں کی خورد برد میں ملوث مالکان فیصل میمن اور عبدالشکور کو گرفتار کرلیا ۔ فلور ملز کو سیل کردیا گیا۔ نیب زرائع کے مطابق گرفتار افراد کو نیب آفس سکھر منتقل کر دیا گیا جہاں ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے ۔