لاہور(خصوصی نمائندہ،آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سکیورٹی اور پروٹوکول کے بغیر صرف ایک گاڑی میں نیب آفس گئے اور مؤقف پیش کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ذاتی حیثیت سے نیب کے سامنے پیش ہوا اور لائسنس کے معاملے پر حقائق سے آگاہ کیا۔ لائسنس کے معاملے پر ابہام دور کرنے کیلئے حقائق نیب کے سامنے رکھے ۔ انہوں نے کہا کہ الحمداللہ ہمارا دامن صاف ہے ۔جب بھی بلایا جائے گا، اپنا موقف ضرور دوں گا۔ہم آئینی اداروں کے احترام پر یقین رکھتے ہیں اور نئے پاکستان میں کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب میں پیش ہوکر قانون کی بالادستی کو تسلیم کرنے کی روایت قائم کی۔عدالت اور خصوصی کمیشن میں بھی جا کر موقف پیش کر چکا ہوں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ گزشتہ روز نیب کے دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی اور قانون شکنی کا مظاہرہ کیا گیا۔ قوم نے کل قانون شکنی اور آج قانون پسندی کا مظاہرہ دیکھا۔ قانون شکن عناصر نے خود کو ایکسپوز کیا۔ قانون کی پاسداری ہر شہری کا فرض ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ غلط کام نہ کیا ہے نہ کرنے دیں گے ۔پنجاب میں قانونی ضوابط کے مطابق امور حکومت چلا رہے ہیں۔دریں اثنا وزیراعلیٰ آج صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرینگے ۔کابینہ کے 34 ویں اجلاس میں 23 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اجلاس میں شریک ہوں گے ۔