کوئٹہ(خ ن )نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے بلوچستان میں عام انتخابات کے دوران امن برقراررکھنے اورامیدواروں اور ووٹرز کے تحفظ کے لئے بہترین سکیورٹی اقدامات پر پاک فوج ، پولیس ، لیویز اور ایف سی کا شکریہ اداکرتے ہوئے فورسز کی کارکردگی کو سراہا ہے ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتخابات کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سکیورٹی فورسز نے فول پروف اقدامات کئے جس کے نتیجے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال اطمینان بخش رہی ، یہ موثر سکیورٹی اقدامات کا نتیجہ ہے کہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں صورتحال قابو میں رہی اور سکیورٹی اداروں نے انتظامات کو مزید سخت کرتے ہوئے پولنگ سٹیشنوں، ووٹرز اور امیدواروں کو بھرپور تحفظ فراہم کیا جس کے لئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام پاک فوج اور سکیورٹی کے دیگر اداروں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے گھروں سے نکلے اور ملک کے روشن مستقبل کے لئے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور ہر قسم کے منفی پروپیگنڈہ کو مسترد کردیا، وزیراعلیٰ نے توقع ظاہر کی کہ انتخابات کے نتیجے میں جموریت مضبوط ہوگی۔