اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) پی اے ایف بیس کلر کہار میں 14 ویں سکیورٹی وارفئیر اینڈ ایڈوانسڈ کمبیٹ ٹیکٹکس کورس کے شرکاء کو بیجز عطا کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ وائس چیف آف دی ائیر سٹاف ائیر مارشل عاصم ظہیر اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ اس کورس میں 321افراد نے ٹریننگ حاصل کی جن میں 23 افسران بھی شامل تھے ۔ کورس کی خاص بات چار لیڈی آفیسرز کی شمولیت تھی جنہوں نے بڑی بہادری کے ساتھ اس کٹھن کورس کو کامیابی سے مکمل کیا۔ مہمان خصوصی نے اس موقع پرشرکاء میں بیجز اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ فلائیٹ لیفٹیننٹ عنصرکو کورس میں مجموعی بہترین کارکردگی کی ٹرافی سے نوازا گیا جبکہ فلائیٹ لیفٹیننٹ سحرش کو لیڈی آفیسرز میں بہترین کارکردگی کی ٹرافی عطا کی گئی۔ کارپورل ٹیکنیشن شاہد نے بہترین نشانہ باز کی ٹرافی حاصل کی۔ کورس کے شرکاء نے مسلح لڑائی کے مظاہرے کے دوران اپنی بہترین نشانہ بازی کے جوہر دکھائے اور اپنے اہداف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا۔ شرکاء نے رسی کی مدد سے اترتے ہوئے فائرنگ کا مظاہرہ بھی کیا۔بعد ازاں دہشت گردوں کے فرضی ٹھکانوں پر حملہ کیا گیا جن میں شرکاء نے مسلح اور غیر مسلح لڑائی کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔