اسلام آباد (وقائع نگار) ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت پیر کو سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 31.44 ارب روپے لاگت کے 8 منصوبے منظور جبکہ 40.22 ارب روپے کی لاگت کے 3 منصوبے حتمی منظوری کیلئے ایکنک کو بھیج دیئے گئے ۔ اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن ، وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں علاقائی ترقی ، توانائی ، گورننس ، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی،ٹرانسپورٹ اور مواصلات اور آبی وسائل سے متعلق منصوبے پیش کیے گئے ۔ اجلاس میں علاقے کی ترقی سے متعلق 7ارب 90کروڑکا بلوچستان لائیولی ہوڈ انٹرپرینیورشپ پروگرام ، 3941.85 ملین روپے کادھابیجی سپیشل اکنامک زون منصوبے فیز 1 کی بجلی کی فراہمی ،2828.70 ملین روپے کے خیبر پختونخواہ کے عوامی وسائل کے انتظام کے پروگرام (ٹی اے ) منظورکئے گئے ۔ ایف بی آر کا پاکستان کی آمدن بڑھانے کیلئے 12480 ملین روپے کامنصوبہ حتمی منظوری کیلئے ایکنک کو بھیج دیا گیا ۔اجلاس میں فزیکل پلاننگ اینڈ ہائوسنگ سے متعلق گلگت بلتستان سٹی میں ٹریٹمنٹ پلانٹ سینیٹری سیوریج سسٹم کیلئے 4075.065 ملین روپے اور ہیلتھ سائنسز میں آرٹیفیشل آنٹیلی جنس سنٹر کے قیام کیلئے 321.450 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔ا جلاس میں 600 مسافر کوچوں اور 1200 ویگن کی خصوصی مرمت کیلئے 2720 ملین روپے کا منصوبہ منظور کیا گیا جبکہ 100 ریل گانجنوں کی مرمت کیلئے 12510 ملین روپے کے منصوبے کو حتمی منظوری کیلئے ایکنک کو بھج دیا گیا ، بہاولپوریزمان روڈ سے چاندنی چوک ضلع بہاولپور تک روڈ کو دوہرا کرنے کیلئے 2793.606 ملین روپے اور جی ٹی روڈ سے گجرات ڈنگا روڈ c/1 کو دوہرا کرنے کے لیے 7575.019 ملین روپے لاگت کے منصوبوں کو منظور کر لیا گیا ۔15230.76 ملین روپے لاگت کا ونڈر ڈیم منصوبہ حتمی منظوری کیلئے ایکنک کو بھیج دیا گیا۔ اجلاس میں ماو ایریا اسلام آباد میں جوڈیشل اینڈ ایڈ منسٹریشن کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 537.878 ملین روپے کا پوزیشن پیپر بھی منظور کر لیا گیا ۔