پشاور،اسلام آباد(92نیوز،صباح نیوز) حکومت کی ہدایت پر پاک فضائیہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں امدادی کارروائیوں میں سرگرم عمل ہے ۔ اس سلسلے میں پاک فضائیہ کا سی 130 طیارہ دالبندین بلوچستان سے زائرین کو لیکر سکردو پہنچ گیا۔ زائرین کو پاکستان اور ایران کی سرحد پر واقع تفتان میں عارضی طور پر رکھا گیا تھا۔زائرین نے دور دراز مقام پر بہترین ممکنہ سہولیات کی فراہمی پر حکومتی کوششوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے زائرین کو اس خصوصی پرواز کے ذریعے سکردو پہنچانے پر پاک فضائیہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ پاک فضائیہ کا ائیرٹرانسپورٹ بیڑا کوویڈ 19 وبائی مرض کے حوالے سے امدادی سرگرمیوں میں پیش پیش ہے اور انہی طیاروں کے ذریعے اب تک ہمسایہ ملک چین سے کئی ٹن امدادی اور طبی سامان پاکستان لایا جا چکا ہے ۔