لاہور(خبرنگارخصوصی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ نے حکومت پر زور دیا ہے کہ خریداروں کے قومی شناختی کارڈ ظاہر کرنے کی شرط 30جون تک موخر کرے کیونکہ موجودہ حالات اس کیلئے سازگار نہیں ہیں۔ تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ کروناوائرس نے کاروباری و معاشی سرگرمیوں کو بہت بری طرح متاثر کیا ہے ، مارکیٹوں میں ہوکا عالم ہے ، گاہک نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس کے باوجود تاجر حکومت کو سپورٹ اور اشیائے ضرورت کی سپلائی برقرار رکھ کر اپنا قومی فریضہ بخوبی ادا کرنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی شناختی کارڈ کی شرط 30جون تک موخر کرنا ایک بہت بڑا ریلیف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کروناوائرس سے نمٹنے کیلئے پوری طرح متحرک ہے ، حال ہی میں ایک کروڑ روپے کا ریلیف فنڈ قائم کیا گیا ہے ، لاہور چیمبر اپنی یہ کاوشیں جاری رکھے گا۔