فیصل آباد(ذیشان خان) سٹیٹ بنک آف پاکستان نے عام شہریوں کو بھی بجلی پیدا کرنے کے چھوٹے چھوٹے یونٹ لگانے کے لئے دس سال کی آسان شرائط پر قرضے دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔گھروں ، دکانوں ، چھوٹی اورکاٹیج انڈسٹری چلانے کے لئے سولر ، ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے پراجیکٹس، بائیو گیس ، بائیو فیولز، بیگاس کو جنریشن ، جیو تھرمل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے پراجیکٹ لگانے کے لئے قرضے دیئے جائیں گے ۔ جس کیلئے سٹیٹ بنک نے اسلامک فنانسنگ فیسی لیٹی فار رینیوایبل انرجی (آئی ایف آر ای )کے نام سے نیا پروگرام شروع کردیا ۔سٹیٹ بنک کے انفراسٹرکچر، ہاؤسنگ اینڈ ایس ایم ای فنانس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر غلام محمد کی جانب سے تمام بنکوں کو جاری کردہ ہدایا ت میں تحریرکیاگیا ہے کہ بجلی پیدا کرنے کے چھوٹے بڑے پراجیکٹ لگانے والوں کو اسلامک بنکنگ کی آسان شرائط پر قرضوں کا حصول ممکن بنایا جائے ۔جبکہ ان آسان قرضوں کو دو کیٹگریز میں تقسیم کرکے قرضے دیئے جائیں۔خواہشمند افراد کو نیپرا شرائط پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔