کراچی(این این آئی) سٹیٹ بینک نے بینکوں کو فارن کرنسی کی خریدو فروخت کی اجازت دے دی ہے ۔گزشتہ روزسٹیٹ بینک آف پاکستان نے فارن ایکسچینج مینوئل میں ترمیم کردی جس کے بعد مجاز بینک اپنی تمام شاخوں سے غیر ملکی کرنسی کی خریدوفروخت کرسکیں گے ، کسٹمز ڈکلیریشن کی صورت میں 10 ہزار ڈالر سے زائد مالیت کی غیرملکی کرنسی بھی بینکوں کو فروخت کی جاسکے گی، پاکستانی شہریوں کے علاوہ غیرملکی افراد بھی بینکوں کو غیرملکی کرنسی فروخت کرسکیں گے ۔سٹیٹ بینک کے مطابق بیرون ملک سفر کرنیوالے پاکستانی بھی بینکوں سے مقررہ حد کے مطابق غیرملکی کرنسی خرید سکیں گے ۔ بینک غیر ملکی کرنسی اکائونٹس میں سے نکالی گئی رقوم بھی خرید سکیں گے ۔معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سٹیٹ بینک کے فارن ایکسچینج مینوئل میں ترمیم کے اقدام سے ڈالر کی بلیک مارکیٹنگ کا خاتمہ ہوگا۔