اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) سینٹ کی قائمہ کمیٹی مواصلات کی ذیلی کمیٹی کااجلاس کنوینئر کمیٹی سید محمد صابر شاہ کی زیر صدارت ہوا،کمیٹی نے ہزارہ موٹروے کے مختلف مقامات پر سڑک کے بیٹھ جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے این ایچ اے اور پروجیکٹ ڈائریکٹر سے کوالٹی کنٹرول پالیسی طلب کر لی، کمیٹی ارکان نے کہا کہ عام طور پر نئی بننے والی نئی موٹرویز پر ابتدائی10 سالوں میں مرمت کی ضرورت نہیں پڑتی مگر ہزارہ موٹروے پرناقص میٹریل کے استعمال کے باعث چھ ماہ بعد ہی مختلف جگہوں پر مرمت کی ضرورت پیش آگئی،موٹروے کے مختلف حصوں کا بیٹھ جانا متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ،ذیلی کمیٹی نے سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے کی کمیٹی اجلاس میں عدم شرکت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ناپسندیدگی کا خط لکھنے کا فیصلہ بھی کیا۔