لاہور (نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سی سی پی او لاہور کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سی سی پی او بی اے ناصر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے ۔عدالت نے باغبانپورہ کے اشفاق اﷲ کی درخواست پر سماعت کی، جس میں سی سی پی او کی جانب سے عدالتی احکامات نہ ماننے کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ درخواستگزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کو مخالفین کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جانے لگی تھیں، مخالفین کی دھمکیوں کے خوف اور پولیس تحفظ کیلئے لاہو ر ہائیکورٹ سے رجوع کیا ،تاہم عدالت نے اس کی درخواست دادرسی کے لیے سی سی پی او لاہور کو بھجوائی تھی ،جبکہ سی سی پی او نے حکم کی تعمیل نہیں کی۔ وکیل نے استدعا کی کہ حکم عدولی پر عدالت سی سی پی او لاہور کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے ، عدالت نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے جواب طلب کر لیا۔