دبئی(نیٹ نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو منو سواہنے کوعہدے سے فارغ کردیا گیا، ان کی جگہ جیف لارڈائس قائم مقام چیف ایگزیکٹو کے طور پر خدمات انجام دیں گے ۔ آئی سی سی کے بیان میں بتایا گیا منو سواہنے کو ہٹانے کا فیصلہ دبئی میں آئی سی سی بورڈ اجلاس میں جائزہ لینے کے بعدکیا گیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق منو سواہنے پر لوگوں سے خراب رویے سے پیش آنے کے الزامات عائد تھے جس پر انہیں رواں سال مارچ میں چھٹی پر بھی بھیجا گیا تھا، تنظیم کے 90فیصد افراد نے ان کے خراب رویے کی گواہی دی۔ یہ الزامات پرائس واٹر ہاؤس کوپرز آڈٹ فرم کی جانب سے اندرونی جائزے کے بعد سامنے آئے تھے ۔