کراچی ( خصوصی رپورٹ ) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے وفاقی وزارت اطلاعات کی جانب سے اخبارات اور ٹی وی چینلز کو اشتہارات کے واجبات کی ادائیگی کا طریقہ کار تبدیل کرنے کے نوٹیفکیشن کا خیر مقدم کیا ہے ۔ سی پی این ای کے صدر عارف نظامی اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے اپنے مشترکہ بیان میں وزیر اعظم اور معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سی پی این ای کا دیرینہ مطالبہ منظور کرتے ہوئے پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کے ڈسپلے اشتہارات کا 85 فیصد حصہ براہ راست اخبارات و جرائد اور ٹی وی چینلز کو دینے جبکہ بقیہ 15فیصد متعلقہ ایڈورٹائزنگ ایجنسی کو کمیشن کے طور پر ادا کرنے اور کلاسیفائیڈ اشتہارات کی بھی اخبارات و جرائد کو 100فیصد براہ راست ادائیگی کے نوٹیفکیشن کا اجرا اخباری صنعت کیلئے انتہائی خوش آئند ہے ۔ انتہائی مشکل معاشی صورتحال میں اخبارات و جرائد کو سرکاری اشتہارات کی براہ راست ادائیگیوں سے اخباری اداروں، میڈیا ہاؤسز، صحافیوں اور دیگر میڈیا کارکنوں کو فی الفور ریلیف ملے گا۔ مطالبہ ہے کہ متعلقہ سٹیک ہولڈر حکومتی احکامات اور نوٹیفکیشن پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں کیونکہ وفاقی حکومت کا 3فروری 2017ء کا سرکلر بھی تاحال عملدرآمد کا متقاضی ہے جس میں ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کو بلوں کی تصدیق کیلئے اخبارات و جرائد کی انوائسز منسلک کرنے کا پابند کیا گیا تھا ۔ امید ہے کہ وفاقی وزارت اطلاعات کی جانب سے اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم کا سلسلہ بھی ختم کر کے درمیانے درجے ، چھوٹے اور مقامی اخبارات کو سرکاری اشتہارات کا جائز حصہ دیا جائیگا۔ ریاست اپنے ملک کی معاشی ترقی میں بھی اداروں کی مددگارہوتی ہے ، لہٰذا حکومت کو چھوٹے ، درمیانے درجے اور مقامی اخبارات سمیت ملک کے پرنٹ میڈیا کو بحران سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔