اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل اور سینئر نائب صدر رافعت فرید نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی طرف سے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصبوں کی بروقت تکمیل کیلئے سی پیک اتھارٹی قائم کرنے کے اعلان کا غیر مقدم کیاکیونکہ مذکورہ اتھارٹی کے قیام سے ملک میں سی پیک منصبوں پر کام کا جلد آغاز ہو گا جس سے ملک میں صنعتی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا اور معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے صنعتی و پیداواری سرگرمیوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اور سی پیک اتھارٹی کا قیام اس طرف ایک مثبت پیش رفت ثابت ہو گا۔ احمد حسن مغل نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مشرقی و مغربی سرحدوں پر مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کیلئے معیشت کا مضبوط ہونا اشد ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہماری معیشت مزیدکمزور ہوئی تو نہ صرف پاکستان کیلئے اندورنی سطح پر مسائل میں اضافہ ہو گا بلکہ بیرونی سطح پر بھی مشکلات بڑھ جائیں گی۔ لہذا ان حالات میں معیشت کو مستحکم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔