چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان جیان زائو نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی عالمی انسداد دہشت گردی کی مثبت کاوشوں کا متعرف ہے، سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی تمام سازشیں ناکام بنا دیں گے۔ سی پیک منصوبہ خطہ کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے خطہ میں باہمی ترقی کے اصولوں پر قائم اس منصوبے کے آغاز میں ہی چین نے پاکستان کے ساتھ دیگر پڑوسی ممالک بشمول بھارت کو اس منصوبے میں شامل ہونے کی پیش کش کی تھی مگر بھارت نے پاکستان کی روایتی دشمنی کی وجہ سے نہ صرف سی پیک میں شامل ہونے سے انکار کیا بلکہ خطہ کی ترقی کے ضامن اس منصوبے کو سبوتاژ کرنے کے لئے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے ساتھ پاکستان میں سی پیک روٹس پر دہشت گردی میں بھی ملوث ہے۔ حال ہی میںڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل افتخار بابر نے بتایا ہے کہ بھارت کس طرح افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کر رہا ہے اور سی پیک منصوبے کو روکنے کے لئے بلوچستان میں علیحدگی پسندوں کا کنسورشئیم بنانے میں مصروف ہے ۔ بھارت اس ناپاک منصوبے کی تکمیل کیلئے دہشت گردوں کو اربوں روپے اور اسلحہ بارود فراہم کر رہا ہے۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو چین کا سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی سازشوں کو ناکام بنانے کا عزم خوش آئند ہے ۔بہتر ہو گا پاکستان اور چین بھارت کا دہشت گردانہ چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرنے کے لئے مل کر کام کریں تاکہ خطہ کے امن کو دائو پر لگانے کی بھارتی کوششوں کو ناکام بنایا جا سکے۔