پشاور(92نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں متعین چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں کا گراف اوپر جا رہا ہے ، پاکستان میں سی پیک سے جڑے نئے منصوبے بھی زیر غور ہیں، عوام بہت جلد خوشخبری سنیں گے ۔پشاور میں چائنہ ونڈو سینٹر کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا پاک چین دوستی بہت پرانی ہے جس کی مثال نہیں ملتی،پاکستان چین آپس میں بھائی بھائی ہیں، ہر مشکل دور میں آپس میں تعاون کیا ہے ، کوویڈ کی صورتحال میں بھی پاکستان سے باہمی تعاون کو یقینی بنایا، اجتماعی کوششوں سے کوویڈ کو شکست دینگے ۔نونگ رونگ نے کہا رشکئی صنعتی زون سی پیک کا اہم منصوبہ ہے ، سی پیک کو بھرپور توجہ مل رہی ہے ، اورنج لائن، گوادر پورٹ اور دیگر منصوبوں میں تعاون کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا چین میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کی مشکلات پر توجہ دی جائیگی۔قبل ازیں چینی سفیر نے چائنا ونڈو سنٹر کا دورہ کیا اور اس کے مختلف حصے دیکھے ۔ چینی سفیر نے پاک چین دوستی اور سی پیک کی تاریخی تصاویر میں دلچسپی لی۔ سفیر نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے اور پودا بھی لگایا۔ ادھر چینی سفیر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضم اضلاع میں تباہ شدہ سکولوں کی دوبارہ تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا ،منصوبے کے پہلے مرحلے میں ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں دہشت گردی کی وجہ سے تباہ شدہ 50 سکولوں کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا جن میں 24 بوائز سکولز اور26 گرلز سکولز کی تعمیر نو شامل ہے ۔ منصوبے کا مجموعی تخمینہ لاگت2323 ملین روپے ہے جس میں سے 868 ملین روپے حکومت پاکستان فراہم کرے گی جبکہ 10.29 ملین امریکی ڈالر چائینز حکومت فراہم کرے گی ، یہ منصوبہ جنوری2023 تک مکمل کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجونے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پرسکولوں کی تعمیر نو کے منصوبے پر عملدرآمدسے متعلق محکمہ تعلیم اور متعلقہ چینی حکام کے مابین معاہدے پر دستخط بھی کئے گئے ۔ چینی سفیر نے گورنر شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ بھی ان کے ساتھ تھے ۔