لاہور(وقائع نگار ) گور نر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی اور پنجاب حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے جس تیزی کیساتھ کام کر رہی ہے ہم سیاحت کے ذریعے سالانہ 4،5ارب ڈالرز حاصل کر نے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ باباگرونانک کے جنم کی تقریبات میں زیادہ سے زیادہ سکھ یاتریوں کی شر کت کیلئے ویزوں میں آسانی اور دیگر اقدامات کیے جائیں گے ۔گورنر نے کہا کہ کر تارپور راہداری منصوبے پر پاک بھارت مذاکرات کا کامیابی سے آگے بڑ ھنا خوش آئند ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ بھارت بھی کر تارپورراہدری منصوبے کے حوالے سے اپنا کام بھی تیزی کیساتھ مکمل کر ے ۔اجلاس میں گورنر پنجاب چودھری سرور کی سربراہی میں قائم مذہبی سیاحت اور ورثہ کمیٹی نے 31اگست کو لاہور میں ’’انٹر نیشنل سکھ کنونشن ‘‘کرانے کا اعلان کیا جبکہ کمیٹی نے وفاقی وزیر بریگیڈئر(ر)اعجاز شاہ کو کمیٹی کا مستقل رکن بنادیا ۔گور نر پنجاب چودھری سرور ننکانہ کے بعد کر تار پور کا بھی دورہ کر یں گے جبکہ باباگورونانک کے 550جنم دن سے پہلے ننکانہ اور کرتار پور میں تمام انتظامات کو مکمل کر نے کی حکمت عملی بھی طے کر لی گئی۔