لاہور سے روزنامہ 92نیوز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے گورنر ہائوس مری کے کمرشل استعمال اور سیاحت کے فروغ کے لئے اس کے انتظامی امور کی ذمہ داری محکمہ مواصلات سے لے کر محکمہ آرکیالوجی اور سیاحت کے سپرد کر دی ہے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں پاکستان اپنی آب وہوا ’ آثار و صنادید عمارات اور قدرتی مناظر کے لحاظ سے دنیاکے خوبصورت ملکوںمیں شمار ہوتا ہے جس میں سیاحوں کے لئے بہت کشش ہے لیکن بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے کبھی سیاحت کے فروغ پر توجہ نہیں دی ۔یہ بات خوش آئند ہے کہ پی ٹی آئی حکومت اپنے انتخابی وعدوںکے مطابق سیاحت کے فروغ کے لئے کئی ایسے اقدامات اٹھا رہی ہے جو سیاحوں کے لئے باعث کشش ہیں جس سے ملک میں سیاحت کی صنعت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ حکومت نے حال ہی میں 178ممالک کے شہریوں کے لئے ای ویزہ کی سہولت فراہم کی ہے جس سے ملک میں یقینا ایک سیاحتی فضا پیدا ہو گی۔ گورنر ہائوس مری اور اس جیسی دوسری عمارتوں پر اگر تجارتی و سیاحتی نقطہ نظر سے توجہ دی جائے تو یہ پاکستان آنے والے سیاحوں کے لئے مزید سہولتوں کے علاوہ دنیا میں پاکستان کی مثبت شناخت کا باعث بن سکتی ہیں۔ یہ بات ذہن نشین رہنی چاہیے کہ سیاحت کو کئی ممالک میں صنعت کا درجہ حاصل ہے۔لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ کھیلوں کی طرح سیاحت کو بھی خصوصی ترجیحات میں شامل رکھا جائے تاکہ پاکستان میں سیاحت کو فروغ ہو اور اس سے ہونے والی آمدن سے مزید سیاحتی منصوبوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔