کراچی(کامرس رپورٹر)حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور جاری کھاتوں کے مسلسل بڑھتے خسارہ،اومی کرون کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو بھی شدید مندی رہی ۔ کاروبارکے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 673پوائنٹس کی نمایاں سے 44833پوائنٹس پر بند ہوا۔کے ایس ای 30انڈیکس 274پوائنٹس کمی سے 17651 اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 395پوائنٹس کمی سے 30763پوائنٹس پر بند ہوا۔مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ99ارب روپے سے زائد کی کمی سے 77کھرب3ارب روپے کی سطح پر آگیا،تاہم کاروباری حجم7کروڑ سے زائد حصص کے اضافہ سے 23کروڑ حصص کی سطح پر جا پہنچا۔ مجموعی طور پر 360کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا ،جن میں سے 56 کے حصص کی قیمت میں اضافہ،289 میں کمی اور15میں استحکام رہا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالرکی قیمت خرید 176.20 اور قیمت فروخت176.30روپے پر برقراررہی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت خرید 177.20اور قیمت فروخت177.70روپے پر مستحکم رہی۔عالمی منڈی میں اضافے کے باعث مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت200روپے بڑھ کر1لاکھ25ہزار200اوردس گرام سونے کی قیمت 171روپے اضافے سے 1لاکھ7ہزار338روپے رہی ۔