اسلام آباد(این این آئی)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھر ی سے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے یہاں ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر پر سب مل کر آگے بڑھیں گے کیونکہ یہ خطہ ہمارے آبائو اجداد نے اپنے زور و بازو سے آزاد کرایا تھا اور یہی سے ہم نے تحریک آزادی کشمیر کو منظم کرنا ہے ۔ آزادکشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے اور تمام سیاسی قیادت کو مسئلہ کشمیر کے ایک نقطے پر متفق ہو کر چلنا ہے ، اب صرف یہ طے کرنا ہے کہ کس طرح سے اتفاق رائے سے تمام سیاسی جماعتیں اس مسئلے پر آگے بڑھیں گی۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے اور یہاں سے ہمیں مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف عالمی سطح پر مل جل کر اور یک زبان ہو کر اپنا کردار ذمہ داری سے ادا کرنا ہو گا۔ اس موقع پرصدر اور وزیراعظم نے باہمی دلچسپی اوردیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ادھروزیراعظم آزادکشمیرچیف جسٹس آزادجموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے والد راجہ اکرم خان کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان کے والد مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔