اسلام آباد(این این آئی)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہاہے ملکی سیاسی منظر نامہ اضطرابی کیفیت کا شکا ر ہے ، سیاسی منظر نامہ پر اب مائنس یا پلس کی بجائے عوام کی مرضی کو نمبر ون قرار دینا ہوگا، احتساب کااس سے بڑا مذاق کیا ہوگا کہ ملک مافیاز کے ہاتھوں یرغمال ہوچکا ہے ، مہنگائی بے روز گاری کے ستائے عوام اب بدترین لوڈ شیڈنگ کا عذاب جھیلنے پر مجبور ہیں۔وزیر اعظم جس چیز کے مہنگا ہونے کا نوٹس لیتے ہیں وہ مارکیٹ سے غائب ہوجاتی ہے ، عوام اب مصیبتوں اور پریشانیوں کے ساتھ وزیر اعظم کے نوٹسوں سے بھی ڈرنے اور دعائیں کرنے لگے ہیں کہ وزیر اعظم نوٹس نہ لے لیں ، ملک میں متبادل معاشی نظا م کی ضرورت ہے ،زکواۃ وعشر کا نظام موجودہ نظام سے کہیں زیادہ بہتر اور موثر ہے جس سے قومی آمدن میں اضافہ اور بیرونی قرضوں سے بھی نجات مل سکتی ہے ، منصورہ میں مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا چین سے ہزیمت اٹھانے کی خفت مٹانے کیلئے بھارت کوئی بھی شرارت کرسکتا ہے ، فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کے چارٹر پر ستر سال سے موجود ہے ، کشمیر کو پاکستان سے جدا نہیں کیا جاسکتا ، حکومت اس مسئلہ پر اسلام آباد میں فوری طور پر بین الاقوامی کانفرنس بلائے ،کشمیر کے امن سے خطے کا امن وابستہ ہے اس لیے عالمی برادری کو کشمیر میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔