لاہور، اسلام آباد(خصوصی نمائندہ،سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ گڈ گورننس کیلئے پروفیشنلز کو سامنے لانا ہوگا۔عوام کی خدمت کیلئے پارٹی کی تجاویز اور سفارشات کا خیرمقدم کریں گے ۔لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا چاہتے ہیں، کارکن ساتھ دیں۔پی ٹی آئی چیف آرگنائزر سیف اﷲ خان نیازی اور دیگر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاسی نوازشات کا دور ختم ہوا، بورڈ اور کمیٹیوں میں صرف پروفیشنلز آئیں گے ۔پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا بورڈ از سر نو تشکیل دینے کا جائزہ لے رہے ہیں۔پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں طلبہ کی مانیٹرنگ کا فول پروف نظام وضع کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں عوامی نمائندگان کو فہرستیں فراہم کرکے انصاف امداد پروگرام کی ری چیکنگ کی جائے گی۔صوبے میں انصاف امداد پروگرام کے ذریعے تقریباً 3 کروڑ افراد مستفید ہوں گے ۔پی ٹی آئی کارکردگی کسی بھی سیاسی جماعت سے بہتر اور مثالی ہے ۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں چیف آرگنائزر سیف اﷲ خان نیازی، سینئر نائب صدر ارشد داد، صوبائی وزرا ڈاکٹر یاسمین راشد، ڈاکٹر مراد راس، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمر فاروق، صوبائی سیکرٹری برائے گڈ گورننس اعجاز منہاس، وزیراعلیٰ شکایت سیل کے سربراہ زبیر نیازی، سوشل میڈیا کے سربراہ ڈاکٹر کامران اور سلمان امجد شامل تھے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھا۔ منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی اور دعائے خیر کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کی ویب سائٹ بھی لانچ کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی موجودگی میں ’’ایکسکویٹر‘‘کے ذریعے کھدائی شروع کرکے منصوبے کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ جوہر ٹاؤن لاہور میں انٹر میڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت پہلی لوکل گورنمنٹ اکیڈمی ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے مالی اشتراک سے تعمیر کی جائے گی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی ایک ارب 86 کروڑ 38 لاکھ روپے کی لاگت سے 18 ماہ میں مکمل کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے علاقوں مچھ اور کیچ میں سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملوں کی شدید مذمت بھی کی ۔بعدازاں تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازچودھری نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔