سیالکوٹ، سمبڑیال ( ڈسٹرکٹ رپورٹر، تحصیل رپورٹر) سیالکوٹ انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے دو پروازوں کے 7 مسافروں سے مختلف کمپنیوں کے 3 ہزار 4 سو 54 موبائل فونز برآمد کرلئے ، مسافروں نے اعتراف کیا کہ وہ کسٹم عملہ کی ملی بھگت سے بین الاقوامی سمگلروں کیلئے کیری کا کام کرتے ہیں،کسٹم کانسٹیبل گرفتار، سپرنٹنڈنٹ کسٹم فرار ہوگیا، پرواز جی 9551 اور ایف زیڈ 337 کے مسافر لیاری کراچی کے مسافر یاسین ، فیڈرل ایریا کراچی کے عرفان ، نیو شاد باغ لاہور کے لطیف ، یوسف خانجی ، یارور خانجی ، وحیدہ سلطانہ اور شہزاد نے اپنے پاسپورٹ امیگریشن کاؤنٹر پر پیش کئے تو انہیں مشکوک جان کر روک لیا گیا، 9 بیگ اور 2 کارٹن کی تلاشی لی گئی جن میں 3454 عدد مختلف کمپنیوں کے موبائل فون برآمد ہوئے ، ملزمان قانونی دستاویز پیش نہ کرسکے ۔ ملزمان نے بتایا ان سے یہ کام لاہور کا احسن ، کراچی کا غلام مصطفی اور کراچی کا ادریس کراتے ہیں، سیالکوٹ ائیر پورٹ سے محمد طیب سپرنٹنڈنٹ کسٹم اور محمد انور سعید کانسٹیبل ان کے ساتھ ملے ہوئے ہیں، احسن ان کو فی بیگ 70 ہزار روپے ادا کرتا ہے ، کسٹم حکام نے کانسٹیبل کسٹم انور سعید رانجھا کو گرفتار کرلیا، سپرنٹنڈنٹ کسٹم طیب فرار ہوگیا، ، 12 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔